اننت ناگ: سابق وزیر اعلی و اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ سے نشست پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار محبوبہ مفتی نے حکومت پر انتخابات میں دھاندلی کرنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام کےاشارے پران کی پارٹی کے پولنگ ایجنٹس اور کارکنوں کو لوک سبھا انتخابات سے قبل ہراساں کیا گیا۔ محبوبہ مفتی نے سیدھے طور پر ایل جی انتظامیہ کو انتخابات میں دھاندلی کےلئے ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ سے عین قبل پی ڈی پی کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا تاکہ پارٹی کو انتخابات میں جیتنے سے روکا جاسکے۔
پولنگ کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے تمام رائے دہندوں، پارٹی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انتطامیہ پر پارٹی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے اور بلاجواز انہیں حراست میں لینے کا الزام عائد کیا۔ اہنوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور جنوبی کشمیر کے عوام کو جمہوریت عمل پر یقین ظاہر کرنے کی سزا دی گئی۔ محبوبہ نے پولیس پر ان کی پارٹی کی شکست کو یقینی بنانے کےلئے پولنگ ایجنٹوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ اننت ناگ میں ایسا کوئی پولیس اسٹیشن نہیں ہے جہاں پی ڈی پی کا کوئی کارکن بند نہ رکھا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ایل جی کے اشاروں پر کیا گیا۔