حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات میں تشہیری مہم جمعرات کو تھم گئی۔ ساتویں اور آخری مرحلے میں 57 سیٹوں پر یکم جون کو ووٹنگ ہونی ہے۔ اتر پردیش اور پنجاب کی 13-13 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے چھ مرحلوں کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کی مہم جمعرات کی شام (30 مئی) کو ختم ہوگئی۔ ساتویں مرحلے میں یکم جون کو چندی گڑھ اور سات ریاستوں کی کل 57 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ ان ریاستوں سے کل 904 امیدوار میدان میں ہیں۔ جن سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے ان میں وزیر اعظم نریندر مودی، اداکارہ کنگنا رناوت، ٹی ایم سی کے جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چرنجیت سنگھ چنی اور بھوجپوری فنکار پون سنگھ کی نشستیں بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی وارانسی سیٹ بھی ان اہم سیٹوں میں شامل ہے جہاں انتخابات کے اس آخری مرحلے میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔
اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ اس الیکشن کی سب سے زیادہ چرچے والی سیٹ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی تیسری بار یہاں سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ کانگریس نے ایک بار پھر اپنے ریاستی صدر اجے رائے کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ وہیں بی ایس پی نے اطہر جمال لاری کو اپنا چہرہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 کا لوک سبھا الیکشن بی جے پی سے لڑا تھا۔ ان کے سامنے کانگریس نے اجے رائے اور ایس پی نے شالنی یادو کو میدان میں اتارا تھا۔ نتائج بی جے پی کے حق میں آئے اور یہاں وزیر اعظم نے ایس پی کی شالنی یادو کو 4,79,505 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ اس الیکشن میں نریندر مودی کو 6,74,664 ووٹ ملے، ایس پی امیدوار شالنی کو 1,95,159 ووٹ اور کانگریس کے اجے رائے کو 1,52,548 ووٹ ملے۔ وارانسی میں گزشتہ انتخابات میں کل 57.13 فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالا تھا۔