سرینگر : چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کا کہنا ہے کہ ’’کمیشن، جموں کشمیر میں انتخابات منعقد کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔‘‘ انہوں نے پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ کی بہتر شرح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ حوصلہ کن اور امید بھری کہانی ہے جو تاریخ کے تابناک صفوں میں درج ہوگی۔‘‘ راجیو کمار نے بتایا کہ جموں کشمیر کے لوگوں کو انکی حکومت ملنی چاہئے، لوگ نمائندے منتخب کریں جس کے لئے کمیشن جلد از جلد انتخابی عمل شروع کرے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمیشن کے لئے اطمینان کی بات ہے کہ وہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرے، اور اس کی تیاری جلد سے جلد کی جائے گی۔ غور طلب ہے کہ جموں کشمیر کے چیف الیکٹورل افسر پنڈورنگ پولے (P K Pole) نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا تھا کہ امرناتھ یاترا کے اختتام کے بعد جموں کشمیر میں الیکشن کمیشن اسمبلی انتخابات منعقد کرنے جا رہا ہے۔
پولے نے بتایا تھا کہ اگست کے آخری ہفتے میں کمیشن الیکشن نوٹیفکیشن جاری کر سکتا ہے اور چیف الیکٹورل آفیسر نے انتخابات کے لئے پوری تیاریاں کی ہوئی ہیں۔ امر ناتھ یاترا 20 جون سے شروع ہونے جا رہی ہے اور 19 اگست کو اختتام ہوگی۔ فی الوقت جموں کشمیر انتظامیہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں میں لگی ہوئی ہے۔
غور طلب ہے کہ جموں کشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات سنہ 2014 میں منعقد ہوئے تھے، جس میں بی جے پی اور پی ڈی پی نے اکثریت حاصل کرکے یہاں مخلوط حکومت بنائی تھی۔ تاہم سنہ 2018 جون میں بی جے پی نے پی ڈی پی کو حمایت واپس لیکر سرکار کو الوداع کہا تھا۔ اس وقت محبوبہ مفتی جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ تھی۔ اس کے بعد یہاں صدر راج نافذ ہوا اور پہلے گورنر بعد ازاں لیفٹیننٹ گورنر یہاں کی انتظامیہ کو چلا رہا ہے۔
سنہ 2019 پانچ اگست کو بی جے پی حکومت نے دفعہ 370 کو منسوخ کرکے جموں کشمیر کو دو یونین ٹریٹریز میں تقسیم کیا۔ اس کے بعد یہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا گزشتہ تین برسوں سے یہاں کا نظام چلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں نے متعدد بار مطالبہ کیا کہ یہاں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے چاہئے تاکہ لوگوں کو انکی حکومت مل سکے۔