سرینگر : جموں و کشمیر میں لوک سبھا الیکشن میں حیرت انگیز طور پر دو سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ بالترتیب اننت ناگ – راجوری اور بارہمولہ پارلیمانی حلقوں پر الیکشن ہار چکے ہیں۔ عمر عبداللہ اپنے قریبی حریف اور آزاد امیدوار عبد الرشید شیخ (انجینئر رشید) سے کم و بیش دو لاکھ ووٹوں سے ہار چکے ہیں۔ سہ پہر کے رجحانات کے مطابق انجینئر رشید کو 423507 ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ عمر عبداللہ 234928 ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ سجاد غنی لون جو کہ پیپلز کانفرنس کے امیدوار ہیں محض147622 ووٹ حاصل کرکے تیسر نمبر پر ہیں۔
انجینئر رشید اس وقت یو اے پی اے کیس میں تہاڑ جیل میں بند ہے۔ وہ ماضی میں لنگیٹ اسمبلی حلقے کی دوبار نمائندگی کر چکے ہیں۔ انکی عدم موجودگی میں انکے دو بیٹوں نے انکے لئے انتخابی مہم چلائی جس میں نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
ادھر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی، جو اننت ناگ – راجوری سیٹ پر ممتاز گوجر اور نیشنل کانفرنس لیڈر میاں الطاف احمد لاوری کے مدمقابل ہیں، 279303سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ میاں الطاف کو 516808 ووٹ ملے ہیں جبکہ محبوبہ مفتی 237505 ووٹ لے چکی ہیں۔ اپنی پارٹی کے امیدوار ظفر اقبال منہاس، جنہیں بی جے پی کی حمایت حاصل ہے 141194 ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔