ویب ڈیسک
ماہرین صحت مختلف رنگوں کے پھل اور سبزیاں کھانے پر زور دیتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ مختلف رنگوں کے پھل اور سبزیاں کھانے سے انسان کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور وزن بھی قابو میں رہتا ہے۔ یہاں اُن کے فوائد کے بارے میں جانئے:
نیلے، جامنی پھل اور سبزیاں
نیلے اور جامنی رنگ کے پھلوں اور سبزیاں صحت کیلئے مفید ہیں۔ ان میں بلیوبیری، زرد آلو اور بینگن شامل ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں کے یہ رنگ اینتھوسیانن نامی مادے کی وجہ سے ہوتے ہیں، جو ان میں پایا جاتا ہے۔ ان پھلوں اور سبزیوں میں ایسے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو توازن اور قلیل المعیاد یادداشت میں بہتری پیدا کرتے ہیں۔ خاص طور پر جامنی رنگ کے پھلوں اور سبزیوں کے گودے میں یہ بڑی مقدار میں ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف خون کی گردش کو رواں رکھتے ہیں بلکہ خون کے جمنے (کلوٹنگ) کے عمل کو بھی روکتے ہیں۔
ہری سبزیاں
ہری سبزیوں میں بروکلی، بند گوبھی اور پالک شامل ہیں۔ ان میں لیوٹین اور انڈول نامی اجزاء ہوتے ہیں، جو قرنیہ کے سفید حصے کو خراب ہونے سے بچاتے اور موتیا بند سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ان سبزیوں میں بیٹا کیروٹین اور فولیٹ بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں فولاد اور ریشہ بھی ہوتا ہے۔ فولاد سرخ خلیات کی پیداوار میں اضافہ کرتا اور ریشہ ہاضمے میں مدد دیتا ہے۔
نارنجی، پیلے پھل
نارنجی اور پیلے رنگ کے پھلوں میں لیموں، نارنگی، پپیتا اور آم ہیں۔ ان میں ایسے اجزاء زیادہ مقدار میں ہوتے ہیں، جو مختلف امراض میں قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں۔ ان میں سانس کی نالی کے انفیکشن سے لے کر سرطان جیسا مہلک مرض بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ اجزاء دماغی قوت میں اضافہ کرتے ہیں اور گٹھیا کے درد اور سوجن میں بھی کمی کرتے ہیں۔ ترش پھلوں میں ایک بہت مفید جزو زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے جسے ہیس پیری ڈن کہتے ہیں۔ یہ جزو قلب کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔ ان پھلوں میں وٹامن سی بھی ہوتی ہے جو الرجی اور نزلے زکام سے بچاتی ہے۔
گلابی، سرخ پھل اور سبزیاں
گلابی اور سرخ پھلوں اور سبزیوں میں چقندر، چکوترا، انار اور ٹماٹر شامل ہیں۔ ان میں لائکوپین اور اینتھو سیانن نامی اجزاء ہوتے ہیں، جو سرطان کی روک تھام کے لئے بہت مفید سمجھے جاتے ہیں۔ سرخ رنگ کی بیریوں میں وٹامن سی، پوٹاشیم اور ریشہ پایا جاتا ہے۔ یہ سبزیاں اور پھل بلڈ پریشر کو معمول پر لاتے ہیں، خلیات کی تعمیر کرتے ہیں اور خراب کولیسٹرول کی سطح کو بھی کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔n