پہلگام : ملک بھر میں بھگوان شیو کے عقیدت مند سال بھر بابا برفانی کے دروازے کھلنے کا انتظار کرتے ہیں۔ بابا کے عقیدت مندوں کا انتظار اب ختم ہوا۔ بابا برفانی امرناتھ یاترا اس سال 29 جون سے شروع ہوگی۔ بابا کو 19 اگست 2024 یعنی رکشا بندھن تک دیکھا جا سکتا ہے۔
بابا برفانی کے درشن کرنے کے لئے مختلف مقامات سے یاترا کرکے پہنچنے والے عقیدت مندوں کے لئے ہر طرح کے انتظامات جموں کشمیر کی انتظامیہ کمیٹی نے مکمل کر لئے ہیں۔ امرناتھ جانے کے خواہشمند عقیدت مند رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
لیکن کچھ لوگوں کو اس سفر پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ آئیے آپ کو امرناتھ جانے کی مکمل تفصیلات بتاتے ہیں، رجسٹریشن سے لے کر میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے تک۔
اگر آپ امرناتھ یاترا پر جانے کا سوچ رہے ہیں تو اس کے لیے رجسٹریشن ہونا بہت ضروری ہے۔ رجسٹریشن آن لائن کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ امرناتھ شرائن بورڈ کی طرف سے طے شدہ بینکوں میں جا کر بھی رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے شرائن بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر مکمل اپ ڈیٹ دیا ہوا ہے۔
بابا برفانی کے درشن کے خواہشمند عقیدت مند جموں و کشمیر امرناتھ شرائن بورڈ کی ویب سائٹ https://jksasb.nic.in/ پر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن فیس صرف 150 روپے فی فرد رکھی گئی ہے۔
اگر آپ آن لائن رجسٹریشن نہیں کر پا رہے ہیں تو آپ بینکوں میں جا کر آف لائن رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں۔ یہ سہولت کسی بھی شہر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا، پنجاب نیشنل بینک، یس بینک، جموں کشمیر بینک سمیت کئی سرکاری بینکوں کی شاخوں میں دستیاب ہے۔ یہاں عقیدت مندوں کو رجسٹریشن کے لیے فی کس 250 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
بابا برفانی پہاڑوں کے درمیان بہت اونچائی پر ہے۔ ایسے میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کچھ لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹریشن سے قبل میڈیکل سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے کے لیے، آپ کسی بھی سرکاری ہسپتال جا سکتے ہیں۔ یہاں آپ ڈاکٹروں سے میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ امرناتھ یاترا کے لیے رجسٹر ہو سکتے ہیں۔