سری نگر:تہاڑ جیل میں بند عوامی اتحاد پارٹی لیڈر انجینئر رشید نے شمالی کشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف تمام طرح کی زیادتیوں کے خلاف کامیابی اور ریفرنڈم سے تعبیر کیا ہے۔
اے آئی پی کے محبوس لیڈر انجینئر رشید نے منگل کے روز عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی نمائندگی کا حق ادا کرتے رہیں گے۔
اپنے وکیل سے ملاقی ہونے کے موقع پر محبوس لیڈر انجینئر رشید نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی نمائندگی کا حق ادا کرتا رہوں گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قبرستان کی خاموشی اور حقیقی امن کے درمیان ہمیں فرق کو سمجھنا چاہئے۔
انجینئر رشید نے کہاکہ ہندوستانی عوام کو یقین دلایا جائے کہ کشمیری ان کے دشمن نہیں ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کے پراکسی ہیں بلکہ جھوٹے اور فرضی بیانیہ بنا کر انہیں دشمن کے طورپر پیش کیا جارہا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے لوگوں کو ان طاقتوں کے خلاف خبردار کیا جنہیں طاقت کے علاوہ کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی پی کشمیریوں کو متحد کرنے اور اپنے تمام سیاسی حریفوں کے ساتھ تلخیوں کو بھلانے کے لئے پرعزم ہے ۔
آئیے ہم سب اپنی ذاتی انا کو بھول جائیں اور یہ سمجھیں کہ کشمیریوں کے دکھ اور امنگیں ہمارے ذاتی ایجنڈوں سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔