ڈوڈہ: جموں و کشمیر پولیس نے ڈوڈہ میں انکاؤنٹر کے بعد چار عسکریت پسندوں کے خاکے جاری کیے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ضلع کے بھدرواہ، ٹھٹھری اور گندوہ کے بالائی علاقوں میں عسکریت پسند موجود ہیں۔ ان چار عسکریت پسندوں کے بارے میں جانکاری دینے پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہر دہشت گرد کی جانکاری فراہم کرنے پر پانچ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
جموں و کشمیر پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔ جموں و کشمیر پولیس نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ درج ذیل نمبروں پر ان عسکریت پسندوں کی موجودگی یا نقل و حرکت کے بارے میں جانکاری دیں۔
ایس ایس پی ڈوڈہ – 9469076014، ڈوڈہ ایس پی ہیڈ کوارٹر – 9797649362، ایس پی بھدرواہ – 9419105133، ڈوڈہ ایس پی آپریشن – 9419137999، ایس ڈی پی او بھدرواہ -0947 ڈپٹی ہیڈکوارٹر 19155521، گندوہ ایس ڈی پی او – 9419204751، بھدرواہ ایس ایچ او – 9419163516، ٹھٹھری ایس ایچ او – 9419132660، گندوہ ایس ایچ او – 9596728472، آئی سی پی پی تھنالہ – 9906169941، پی سی آر ڈوڈہ – 9469365174، پی سی آر بھدرواہ – 9133.
ادھر ڈوڈہ ضلع کے گندوہ علاقے میں دوسرا انکاؤنٹر شروع ہونے کے بعد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور جگہ جگہ پر ناکہ چیکنگ کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں جموں و کشمیر پولیس نے کہا تھا کہ اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کا ایک کانسٹیبل ڈوڈہ انکاؤنٹر میں زخمی ہو گیا ہے۔
12 جون کو، 20:20 پر، کوٹا ٹاپ، گندوہ، ڈوڈہ میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم شروع ہوا۔ کیرلو بھلیسہ میں آپریشن کے دوران ایس او جی کانسٹیبل فرید احمد زخمی ہوگئے۔ وہ گندوہ کے رہائشی ہیں۔
جموں و کشمیر میں حملوں میں اضافہ
قابل ذکر ہے کہ 72 گھنٹوں میں عسکریت پسندوں کا یہ چوتھا حملہ ہے۔ ان میں ریاسی، کٹھوعہ اور ڈوڈہ میں دو عسکری حملے ہوئے۔ حملوں کا یہ سلسلہ 9 جون کو اس وقت شروع ہوا جب عسکریت پسندوں نے ریاسی میں ایک بس پر حملہ کیا، جس سے وہ کھائی میں گر گئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں کم از کم 9 زائرین ہلاک اور 42 زخمی ہوگئے۔