جموں: گندوہ ڈوڈہ میں عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے سرچ آپریشن دوسرے دن میں داخل ہوگیا ہے۔ بدھ کی شام جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے گندوہ سب ڈویژن کے کوٹا ٹاپ میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم شروع ہوا۔ اطلاعات کے مطابق اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کا ایک پولیس اہلکار اس تصادم میں زخمی ہوگیا، زخمی پولیس اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دریں اثنا جموں ڈویژن میں گزشتہ چار دنوں میں یہ چوتھا اور کل سے جموں ڈویژن کے ڈوڈہ علاقے میں دوسرا تصادم تھا۔ حکام کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 8 بجکر 20 منٹ پر بھلیسہ کے کوٹا ٹاپ علاقے سے فائرنگ کی اطلاع ملی جس پر سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ ایس او جی گندوہ کا کانسٹیبل فرید احمد (973/D) کرلو بھلیسہ میں آپریشن کے دوران زخمی ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مخصوص اطلاع پر پولیس اور فوج کی چار آر آر کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی۔ جیسے ہی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے فورسز پر گولی چلائی جس کے بعد مسلح تصادم شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے ابتدائی تبادلے کے دوران ایس او جی کے ایک اہلکار کو گولی لگی، اسے فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔