ویب ڈیسک
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کی ہیروئن اور ویب سیریز ہیرا منڈی میں کردار ادا کرنے والی سوناکشی سنہا کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کرنے جا رہی ہیں۔انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق سوناکشی سنہا نے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ’پہلی بات اس سے کسی کا لینا دینا نہیں ہے، دوسری بات کہ یہ میری مرضی ہے، تو مجھے نہیں معلوم کہ لوگوں کو اتنی زیادہ فکر کیوں ہے۔‘
’میرے والدین سے زیادہ لوگ مجھ سے میری شادی کے بارے میں ہوچھتے ہیں، مجھے یہ بہت زیادہ فَنی لگتا ہے۔ لیکن اب مجھے عادت ہو گئی ہے۔ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ لوگوں کو تجسس ہے، ہم کیا کر سکتے ہیں۔‘
ایک انٹرویو میں سوناکشی سنہا کے بھائی لو سنہا سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور اداکارہ سے براہ راست پوچھنے کا کہا۔اداکارہ کے والد شتروگن سنہا نے بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شادی کے پلان کا کچھ پتہ نہیں لیکن اگر جوڑے نے بتایا تو وہ ان کے لیے دعا گو ہوں گے۔
شتروگن سنہا نے کہا ’میں بھی اتنا ہی جانتا ہوں جتنا میڈیا میں پڑھا ہے۔ جب بھی انہوں (سوناکشی) نے مجھے بتایا تو میں اور میری اہلیہ جوڑے کے لیے اچھی خواہشات کا اظہار کریں گے اور یہی دعا ہو گی کہ وہ ہمیشہ خوش رہیں۔‘’ہمیں سوناکشی کے فیصلے پر مکمل بھروسہ ہے۔ وہ کبھی بھی ماورائے آئین اور غیرقانونی فیصلہ نہیں کرے گی۔ بالغ ہونے کے ناطے انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے۔‘
اخبار انڈیا ٹوڈے میں خبر شائع ہوئی تھی کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی 23 جون کو ہو رہی ہے جس کے بعد مختلف افواہیں گردش کرنا شروع ہو گئیں۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق قریبی دوستوں، فیملی اور ہیرا منڈی کی ٹیم کو بھی شادی کے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔شادی کا کارڈ کسی میگزین کے کوور جیسا لگتا ہے جس پر لکھا ہوا ہے، ’افواہیں درست ہیں۔‘شادی کی تقریبات ممبئی بستیاں نامی ہوٹل میں منعقد ہوں گی۔