نئی دہلی: 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس 24 جون سے شروع ہوگا۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بدھ کو یہ جانکاری دی کہ یہ اجلاس 3 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ ایوان کے سپیکر کا انتخاب بھی کریں گے۔ 27 جون کو صدر کے خطاب کے بعد پی ایم مودی پارلیمنٹ میں اپنی وزراء کونسل کا تعارف کرائیں گے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بدھ کو کہا کہ 18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس 24 جون سے نو منتخب اراکین کی حلف برداری کے لیے شروع ہوگا۔ اجلاس کے پہلے تین دنوں میں نو منتخب قائدین حلف لیں گے یا لوک سبھا کی رکنیت کی تصدیق کریں گے۔نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد ارکان پارلیمنٹ ایوان کے اسپیکر کا انتخاب کریں گے۔ اجلاس 3 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔
صدر دروپدی مرمو 27 جون کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔ وہ نئی حکومت کا اگلے پانچ سال کا روڈ میپ بھی دیں گی۔ رجیجو نے ایک پوسٹ میں کہا، ’18ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس 24/6/24 سے 3/7/24 تک چلے گا۔ اس دوران نومنتخب اراکین کی حلف برداری، اسپیکر کا انتخاب، صدر کا خطاب اور اسی پر بحث کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا کا 264 واں اجلاس بھی 27 جون کو شروع ہوگا۔ یہ سیشن 3 جولائی کو ختم ہوگا۔ توقع ہے کہ 27 جون کو صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد وزیر اعظم مودی پارلیمنٹ میں اپنی وزراء کونسل کا تعارف کرائیں گے۔