سری نگر،20جون:
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سٹیٹ ہڈ کا درجہ بھی بہت جلد بحال کیا جائے گا۔پی ایم مودی نے کہاکہ دفعہ 370کی دیوار ہمیشہ ہمیشہ کے لئے گرائی گئی اور اس کا ثمرہ یہ نکلا کہ آج جموں وکشمیر میں جمہوریت ، امن اور خوشحالی کا ہر سودور دورہ نظر آ رہا ہے۔
ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم نے سری نگر میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت لوگوں کے توقعات پر پورا اتر رہی ہے جس سے سرکاری کے تئیں لوگوں میں اعتماد بڑھ رہا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میری کوشش رہے گی کہ کشمیر اور دہلی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرکے دوریوں کو کم کرسکوں ۔
انہوں نے کہا :’دفعہ 370کی دیوار گر گئی جس کی بدولت جموں وکشمیر میں اس وقت جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے۔ ‘وزیر اعظم ہند نے مزید کہاکہ آج ہندوستانی آئین کو حقیقی معنوں میں جموں وکشمیر میں نافذ کیا گیا ہے۔نریندر مودی نے کہاکہ جمہوریت ، کشمیریت اور انسانیت کا جو نعرہ آنجہانی اٹل بہاری واجپائی نے دیا تھا وہ آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران کشمیر کے لوگوں نے جس جوش و جذبے کے تحت اپنی رائے دہی کا استعمال کیا اس سے واقعی میں جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔پی ایم مودی نے کہا جموں وکشمیر کے ہر علاقے اور ہر گھر میں اس وقت جمہوریت پنپ رہی ہے اور ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ خوشحال زندگی گزر بسر کر سکیں۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا :’جموں وکشمیر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات منعقد ہونگے اور سٹیٹ ہڈکی بحالی کو بھی عنقریب یقینی بنایا جائے گا۔‘انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا ہمیں تیسری بار حکومت کرنے کا موقع ملا ۔
وزیر اعظم کے مطابق تیسری بار حکومت تشکیل دے کر ہم نے دنیا کو استحکام کا واضح پیغام دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوگا ڈے کے موقع پر سری نگر کی سرزمین سے دنیا کو ایک اچھا پیغام جائے گا۔