ویب ڈیسک
بالی وڈ اداکارہ اور حال ہی میں ویب سیریز ’ہیرامنڈی‘ میں فریدن کا کردار ادا کرنے والی سوناکشی سنہا رواں ماہ اپنے بوائے فرینڈ ظہیر اقبال سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔
سوناکشی سنہا کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ان کا خاندان ان کے اس فیصلے سے خوش نہیں ہے اور خاندان کا کوئی بھی فرد ان کی شادی میں شریک نہیں ہو گا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس سے قبل سوناکشی نے بیچلر پارٹی دی تھی جس میں ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی شریک نہیں ہوا۔
سوناکشی کے والد اور بالی وڈ کے سینیئر اداکار و سیاستدان شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی کی شادی سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر کھل کر بات کی ہے۔ انڈین ٹی وی زوم کو حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے شتروگھن سنہا کا کہنا تھا ’مجھے بتائیں، یہ کس کی زندگی ہے؟ یہ میری اکلوتی بیٹی سوناکشی کی زندگی ہے، جس پر مجھے بہت فخر ہے۔ وہ مجھے اپنی طاقت سمجھتی ہیں، میں شادی میں ضرور حاضر ہوں گا۔‘
شتروگھن سنہا نے کہا کہ ’میں ممبئی میں اس لیے موجود ہوں تاکہ سوناکشی کی شادی میں شریک ہو پاؤں۔ سوناکشی اور ظہیر کو ایک ساتھ زندگی گزارنی ہے، وہ ایک ساتھ بہت اچھے لگتے ہیں۔‘سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’میں انہیں اپنے مشہور ڈائیلاگ سے خبردار کرنا چاہوں گا اور وہ ڈائیلاگ ہے خاموش، اپنے کام سے کام رکھیں۔‘
واضح رہے شتروگھن سنہا نے کچھ دن قبل اپنی بیٹی کی شادی کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا تھا کہ آجکل کے بچے شادی کے لیے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔