سرینگر : سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عہدیداروں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوج اور سیکورٹی فورسز کی دیگر کمپنیز نے بارہمولہ ضلع کے اوڑی میں گوہلان علاقے میں دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔
حکام نے کہا کہ ’’سیکورٹی فورسز نے اوڑی کے گوہلان علاقے میں دراندازوں کے ایک گروہ کو ایل او سی کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا اور جس پر سیکورٹی فورسز نے گروپ کو چیلنج کیا اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔‘‘ اس ضمن میں حفاظتی اہلکاروں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی کہ ’’آیا درانداز واپس چلے گئے یا انہیں مار گرایا گیا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ دنوں عسکریت پسند سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
وادی کشمیر میں گزشتہ برسوں کے دوران 90کی دہائی کے مقابلے میں دراندازی میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ وہیں ڈرونز کی دستیاب کے بعد اب سرحد پار سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں گولہ بارود، منشیات اور اسلحہ سپلائی کیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی فورسز آئے روز ڈرونز کو مار گراتے ہیں تاہم بعض ڈرونز سیکورٹی ایجنسیز کو چکمہ دینے میں کامیابی حاصل کر لیتے ہیں۔