سری نگر:خشک اور گرم موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 29 جون سے 4 جولائی تک موسم ناموافق رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 28 جون تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 29 اور 30 جون کو وادی کے بیشتر مقامات پر بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں بعد ازاں یکم جولائی سے 4 جولائی تک مطلع جزوی سے کلی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت16.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت15.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت14.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت14.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔