نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے حکمراں بی جے پی پر سخت حملہ کیا، اور زور دے کر کہا کہ ہندو مذہب خوف، نفرت اور جھوٹ پھیلانے کا نام نہیں ہے۔ ان کا یہ تبصرہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران آیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے راہل گاندھی کی تقریر کے دوران مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پورے ہندو سماج کو پرتشدد کہنا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ جس پر راہل گاندھی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس پورا ہندو سماج نہیں ہیں‘‘۔
کانگریس لیڈر نے مزید زور دیا کہ تمام مذاہب ہمت کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر آئین اور ہندوستان کے بنیادی خیال پر منظم حملے کرنے کا الزام لگایا۔ جبکہ لاکھوں لوگوں نے حکمران جماعت کے تجویز کردہ نظریات کی مزاحمت کی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا، “وزیر اعظم مودی کے حکم پر مجھ پر حملہ کیا گیا، میرے خلاف 20 سے زائد کیسز تھے، (میرا) گھر چھین لیا گیا، ای ڈی کے ذریعہ 55 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی،” راہل گاندھی نے مزید کہا۔ان چیلنجوں کے باوجود، رائے بریلی کے رکن پارلیمان نے آئین کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، “یہ اچھا لگتا ہے کہ بی جے پی کے لوگ اب میرے بعد ‘جئے سمودھان’ کو دہرا رہے ہیں۔” راہل گاندھی نے اپوزیشن میں رہنے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپوزیشن میں رہ کر خوشی اور فخر ہے، ہمارے لیے طاقت سے بڑھ کر کچھ ہے، تو یہ سچ ہے۔
اپنی تقریر کے دوران، گاندھی نے بھگوان شیو کی تصویر دکھائی، جس نے اسپیکر اوم برلا کو یہ یاد دلانے پر اکسایا کہ قوانین ایوان میں پلے کارڈز کی نمائش کی اجازت نہیں دیتے۔ راہل گاندھی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام مذاہب بشمول اسلام اور سکھ مذہب ہمت اور بے خوف رہنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ اپنی تقریر کے دوران رائل گاندھی نے ، اگنی پتھ اسکیم، منی پور، پیپر لیک معاملہ اور کسانوں کے مسائل پر بھی آواز بلند کی۔
لوک سبھا میں اپنی تقریر میں راہل گاندھی نے اگنی پتھ کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگنیور حکومت کے لیے ‘استعمال کرو اور پھینکنے والی مزدوری’ ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگنی پتھ اسکیم پی ایم مودی کے دماغ کی اختراع ہے نہ کہ مسلح افواج کی‘‘۔ جس پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اگنیور اسکیم کے خلاف ایوان کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس کے بعد راہل نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی تو ہم اگنی پتھ اسکیم کو ختم کردیں گے کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ یہ مسلح افواج، محب وطنوں کے خلاف ہے،‘‘