سری نگر،06جولائی:جنوبی ضلع کولگام کے چینی گام فرصل اور موٹر گام میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں میں ایک فوجی جوان اور چار ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے موٹر گام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی جوان زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ابھی موٹر گام کولگام میں تصادم کی خبر کانوں میں گونج ہی رہی تھی کہ چار کلومیٹر کی دوری پر واقع چینی گام فرصل میں بھی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ چینی گام میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔حکام کے مطابق چینی گام میں چار ملی ٹینٹوں کی لاشیں دکھائی دی ہیں اور وہاں پر فائرنگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔
اس سے قبل پولیس نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ کولگام کے موٹر گام اور چینی گام فرصل میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم شروع ہوا ہے۔واضح رہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ کولگام میں دو مقامات پر تصادم آرائیوں کے دوران چار ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک کولگام کے چینی گام فرصل اور موٹر گام میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز جاری تھا ۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔