سری نگر،08جولائی: جنوبی ضلع کولگام میں چھ ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے فوج نے کہاکہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹ تنظیم کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے ایک بڑے منصوبے کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔
ان باتوں کا اظہار ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اور فوجی کمانڈر نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ فوج اور پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کولگام کے چینی گام اور موٹر گام علاقوں میں ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں۔
ان کے مطابق 6جولائی کی صبح کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد چینی گام فرصل علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران سیکورٹی فورسز کو ملی ٹینٹوں کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا اور بعد دوپہر آپریشن کو ختم کیا گیا۔
فوجی کمانڈر کے مطابق جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار واپس اپنے بارکوں میں جارہے تھے کہ اسی اثنا میں مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ موجود ہے جس کے بعد فورسز نے دوبارہ علاقے کو محاصرے میں لے کر مشتبہ مقام کے اردگرد سخت پہرہ بٹھا دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جس سے فوری طورپر فوجی ہسپتال بادامی باغ منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
فوجی کمانڈر نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں حزب المجاہدین سے وابستہ چار مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد ازاں شناخت یاور احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈر ساکن ریڈونی بالا ، زاہد احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن چیک دسند، توحید احمد راتھر ولد عبدالستار راتھر ساکن اوڈیرا اور شکیل احمد وانی ساکن کھوری بٹہ پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدارمی میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہلوکین ضلع کولگام اوراس کے ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے اور ان کے خلاف جرائم کی ایک لمبی فہرست بھی موجود ہے۔
دریں اثنا ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ جنوبی ضلع کولگام میں کامیاب آپریشن کی وجہ سے ملی ٹینٹ تنظیم کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوکین سیکورٹی فورسز کو کئی کیسوں میں انتہائی مطلوب تھے۔