نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی منظر نامے کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کو کہا کہ دفاع کا بہترین طریقہ جنگ کے لیے ہمیشہ تیار رہنا ہے۔
’وائس پریذیڈنٹ انکلیو‘ میں انڈین ڈیفنس اسٹیٹس سروس کے 2023 بیچ کے تربیت یافتہ افسر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مسٹر دھنکھر نے کہا کہ نوجوان افسران کو تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے کے ساتھ مسلسل ہم آہنگ رہنا چاہیے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہمیشہ قوم کو مقدم رکھیں۔
دفاعی اراضی کو سیکیورٹی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے دفاعی اراضی کے انتظام میں درپیش کئی چیلنجوں کا ذکر کیا جیسے کہ تجاوزات اور اس کے بعد قانونی تنازعات۔ انہوں نے ٹرینی افسران کو مشورہ دیا کہ وہ زمین کے انتظام کے لیے ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں کسی بھی دراندازی پر نظر رکھنے اور عزم کے ساتھ فوری کارروائی کرنے کے قابل بنائے گا۔
عہدیداروں سے سال 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی سمت کام کرنے کی تاکید کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ “جب آپ کو دباؤ اور چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے تب بھی پرعزم رہیں۔” انہوں نے چھاؤنی کے علاقوں کے اندر ماحولیات کا خیال رکھنے اور پودوں کی پرورش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ معاشرے کے وسیع تر فائدے کے لیے ڈیفنس اسٹیٹ کی زمینوں پر ایک منظم انداز میں جڑی بوٹیوں کے پودوں اور باغبانی کو فروغ دے کر یہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کو صفائی، ہریالی اور شہری سہولیات کے حوالے سے دیگر اداروں (جیسے میونسپلٹی) کے لیے مثال بننا چاہیے۔