جموں،09جولائی(یو این آئی)جموں وکشمیر کے کشتواڑ ضلع کے دچھن علاقے میں منگل کی سہ پہر نجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے سے وابستہ چار افراد ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی سہ پہر کشتواڑ کے دچھن علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب ایک نجی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور چھ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے چار افراد کو مردہ قرار دیا جبکہ مزید دو کی بھی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنامرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کشتواڑ میں پیش آئے سڑک حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس حادثے میں چار افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ۔
مرکزی وزیر کے مطابق ضلعی ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر دیوناش کے ساتھ رابط قائم کرکے حادثے کے متعلق جانکاری حاصل کی ۔