جموں: ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں جمعرات کی صبح سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان انکاؤنٹر شروع ہوگیا۔ حکام نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے دیسا کے جنگلات میں تلاشی مہم کے چوتھے دن جمعرات کی رات عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا۔ گزشتہ چار دنوں کے دوران یہ تیسرا موقع ہے جب ڈوڈہ کے جنگلات میں جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کاستی گڑھ ڈوڈہ انکاؤنٹر کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
اس سے قبل ڈوڈہ کے بھاٹا دیسا علاقے کے بالائی علاقوں میں بدھ کی درمیانی شب بھی فائرنگ کے مختصر تبادلے کی خبر سامنے آئی تھی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان دو بار گولیاں چلنے کی اطلاع ملی۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ پانچ منٹ تک جاری رہی اور اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
مسلح عسکریت پسندوں کو بے اثر کرنے کے لیے فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس کی مشترکہ ٹیم کی طرف سے مسلسل چوتھے دن بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران جنگل میں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے کاستی گڑھ کے قریب سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ پیر کی شام ضلع ڈوڈا کے ڈیسا فاریسٹ ایریا میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان گولی باری کے دوران ہندوستانی فوج کے چار جوان مارے گئے۔