سرینگر: جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے مضامین کی تبدیلیوں اور طلبہ کے دوبارہ داخلے سے متعلق اصولوں اور ضوابط میں کچھ ترمیم کی ہے۔ ایسے میں اب فیل ہونے والے یا دوبارہ امتحان دینے والے امیدوار کسی بھی امتحانی سیشن میں اپنے مضامین تبدیل کرسکتے ہیں۔ بشرط یہ کہ وہ پہلے پاس شدہ مضامین میں دوبارہ نہ بیٹھیں۔ تاہم یہ تبدیلی اسی شعبے یعنی سائنس، کامرس یا آرٹس کے اندر ہی رہنی چاہیے۔
پوری سٹریم یعنی سائنس سے آرٹس تبدیل کرنے کی صورت میں طلبہ کو چند شرائط سے گزرنا ہوگا۔ ان میں طلبہ کو اپنی پچھلی تمام مضامین میں نتائج منسوخ کرنے ہوں گے اور یہ جاننا ہوگا کہ یہ ان کی اپنی ذمہ داری پر ہے۔ اس کے علاوہ انہیں نئے شعبے کے تمام لازمی مضامین کے امتحان کو پاس کرنا ہوگا۔
ترمیم کے مطابق طلبہ پہلے سے پاس شدہ مضامین میں سے حاصل کردہ ایواڈ برقرار رکھنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ پہلے سے پاس شدہ امیدوار وہ طلبہ جو پہلے ہی گیارویں جماعت کر چکے ہیں اور اپنی پوری سٹریم تبدیل کرنا چاہتے ہیں، انہیں بھی اپنے پچھلے نتائج منسوخ کرنے ہوں گے اور اگلے سیشن میں ہی دوبارہ داخلہ گیارویں جماعت میں لینے یا ایک نئے امیدوار کے طور پر امتحان میں شامل ہونے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔