سری نگر/کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے ایک اہم پیش رفت میں آج صوبہ کشمیرمیں پہلا سولر روف ٹاپ کی تنصیب سے فلیگ شپ پی ایم سوریہ گھر یوجنا کا با قاعدہ آغاز کیا۔اِنجینئر فیاض احمد یتو الیکٹرک سب ڈویژن چھانہ پورہ میں رام باغ میں اَپنی رہائش گاہ پر 6 کلو واٹ کے روف ٹاپ سولر پلانٹ سے مستفید ہونے والے پہلے شخص بن گئے۔ وہ 85,800 روپے کی مرکزی سبسڈی کا حقدار ہے جو براہ ِراست اس کے اکاؤنٹ میں جمع کیا جائے گا۔
اِس موقعہ پر منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈِی سی ایل مسرت اسلام، چیف اِنجینئر ڈِسٹری بیوشن اِنجینئر سندیپ سیٹھ، ایس اِی او اینڈ ایم سرکل دوم اِنجینئر آر شرجیل غنی لالہ، سینئر اِنجینئرنگ سٹاف کے علاوہ آر اِی سی حکام اور سولر وینڈر میسر کشمیر رینیوایبل انرجی پرائیوٹ لمیٹڈ بھی موجود تھے۔
کے پی ڈی سی ایل کے ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں کہا کہ نیشنل پورٹل پر سولر وینڈرز کے آن بورڈنگ سے فلیگ شپ سکیم کے تحت مزید مستفید ہونے والوں کا احاطہ کیا جائے گا جو پاور سیکٹرمیں ٹرینڈ سیٹر بننے کے لئے تیار ہے۔ترجمان نے صارفین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور نیشنل سوریہ گھر پورٹل کے ذریعے سولر سکیم کے لئے درخواست دیں، اُنہوںنے مزید کہا کہ 10 کلو واٹ تک کے سولر پلانٹ کے لئے اَب کسی ٹیکنیکل فزیبلٹی رِپورٹ (ٹی ایف آر) کی ضرورت نہیں ہے، پینل صرف چھتوں پر لگائے جائیں گے۔
ترجمان نے سکیم کے تحت صارفین کو دستیاب سبسڈی کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی کو ایک خصوصی زُمرے کے یو ٹی کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے جس میں رہائشی سولر روف ٹاپ کے لئے سبسڈی دی گئی ہے جو 2 کلو واٹ تک سسٹم کی لاگت کا 60 فیصد اور 2۔3 کلو واٹ صلاحیت کے درمیان سسٹم کے لئے اضافی سسٹم لاگت کا 40 فیصد ہے۔ موجودہ بینچ مارک قیمتوں کے حساب سے ایک کلو واٹ کے لئے 33 ہزار روپے، دو کلو واٹ کے لئے 66 ہزار روپے اور 3 کلو واٹ کے سولر روف ٹاپ سسٹم کے لئے 85 ہزار 800 روپے یا اس سے زیادہ سبسڈی دی جاتی ہے۔اِستفادہ کنندگان کی سہولیت اور سولر روف ٹاپ سکیم کو مقبول بنانے کے لئے، کے پی ڈِی سی ایل کے پاس پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے لئے www.kpdcl.jkpdd.net پر ایک ہائپر لنک دستیاب ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیر ڈسکام مسلسل بیداری کیمپوں اور آئی اِی سی مہمات کا اِنعقاد کر رہا ہے تاکہ اِس سکیم کو عوام میں مقبول بنایا جا سکے۔