سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے آج سول سیکرٹریٹ میں’ایل جی ملاقات۔ لائیو پبلک گریوینس ہیرنگ پروگرام‘ کے دوران شہریوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل پر توجہ مرکوز کی۔اُنہوں نے بات چیت کے دوران شہریوں سے موصول ہونے والی شکایات پر اِنتظامی سیکرٹریوں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور متعلقہ اَفسروں کی طرف سے کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ زِیر اِلتوا ٔشکایات کے حل میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ نظام جوابدہ اور عوام کی ضروریات کو پورا کرے۔اُنہوں نے شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار کو بہتر بنانے کے لئے جموں و کشمیر اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں شروع کئے گئے جموں و کشمیر سمادھان پورٹل اور ایپ جیسے اقدامات کا مقصد شکایت درج کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرنا اور اِس کے مؤثر اور فوری ازالہ کرناہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہم نے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل میں زیادہ شفافیت بھی فراہم کی ہے۔ ہمارا مقصد سماج کے پسماندہ طبقے کی ضروریات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے شہریوں کو بااِختیار بنانا ہے۔‘‘اُنہوں نے آج کے’’ ایل جی ملاقات‘‘ پروگرام میں شکایت کنندگان کی متعدد شکایات کا موقعہ پر ہی اَزالہ کیا۔
عبدالرشید شیخ نے گاندربل کے باملورہ گائوں کے باشندوں کی جانب سے ان کے گاؤں کو آبپاشی کے پانی کی سہولیت سے متعلق شکایات کے حل کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ اَدا کیا۔پونچھ ضلع سے تعلق رکھنے والی محترمہ اُلفت بی جنہوں نے پی ایم اے وائی سکیم کے تحت مکان کی تعمیر کے لئے درخواست دی تھی، نے اُن کی طویل عرصے سے زِیر اِلتوا ٔشکایت کو دور کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت یو ٹی اِنتظامیہ کا بھی شکریہ اَدا کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے او بی سی سر ٹیفکیٹ کے اِجرا ٔسے متعلق ضلع بانڈی پورہ کے عبید فیاض نجار کی شکایت پر متعلقہ محکمہ کو مناسب اَقدامات کرنے اور مستحق اِستفادہ کنندگان کو بغیر کسی پریشانی سہولیت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے سانبہ سے تعلق رکھنے والے راکیش کمار کی شکایت پر جواب دیتے ہوئے صحت اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع ہسپتال سانبہ اور دیگر سرکاری صحت اِداروں میں لگائے گئے آکسیجن پلانٹ کے کام کاج کا جائزہ لیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ آسانی سے کام کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے’ ایل جی ملاقات‘ پروگرام میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ سیکرٹری پبلک گریوینس ڈیپارٹمنٹ محمد اعجاز نے ’ ایل جی ملاقات ‘ پروگرام کی نظام کے فرائض اَنجام دئیے۔
ایس ایچ اٹل ڈلو، چیف سکریٹری؛ انتظامی سیکرٹریز؛ ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، ایچ او ڈیز اور دیگر سینئر افسران ذاتی طور پر اور ورچوئل موڈ کے ذریعے بات چیت کے دوران موجود تھے۔
بات چیت کے دوران چیف سیکرٹری اٹل ڈولو ، اِنتظامی سیکرٹریز،صوبائی کمشنران،ضلع ترقیاتی کمشنران ، ایس ایس پیز، سربراہان اور دیگر سینئر اَفسران ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ موجود تھے۔