ویب ڈیسک
ایران میں حماس رہنما شہید اسماعیل ہنیہ کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ اس سلسلسے میں فوجی اور انٹیلی جنس افسران سمیت 2 درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایرانی حکام کی جانب سے شہید اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
امریکی اخبار دی نیو یارک ٹائمز کے مطابق ایران نے اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کے شبے میں دو درجن سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سینئر انٹیلی جنس افسران، فوجی حکام اور عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔
اخبار کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ تمام گرفتار افراد سے سیکیورٹی ناکامی سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے اسمٰعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس کے سربراہ کو کم فاصلے سے مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا تھا اسمٰعیل ہنیہ کو نشانہ بنانے کے لیے شارٹ رینج پروجیکٹائل استعمال کیا گیا، پروجیکٹائل میں 7 کلو وزنی وار ہیڈ استعمال کیا گیا۔
خیال رہے کہ حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسمعٰیل ہنیہ کو 31 جولائی کو تہران میں اس وقت شہید کردیا گیا جب وہ نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے سلسلے میں ایران میں موجود تھے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسمعٰیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد جسد خاکی کو قطر منتقل کرکے ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا جہاں ان کی تدفین کی گئی۔