سری نگر،8 اگست(یو این آئی)جموں وکشمیر کی بڑی سیاسی جماعتوں کے وفود نے جمعرات کے روز چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ ملاقات کی اور مرکزی زیر انتظام علاقے میں جلداز جلد چناو کرانے کا مطالبہ کیا۔
بتادیں کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی سربراہی میں ای سی آئی کی ٹیم انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کی صبح سری نگر پہنچی۔
سپریم کورٹ نے 11 دسمبر 2023 کو سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو دی گئی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو برقرار رکھتے ہوئے پولنگ پینل کو ہدایت کی تھی کہ جموں و کشمیر میں 30 ستمبر تک اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔
حکام نے بتایا کہ ای سی آئی کے دو روزہ دورے کا مقصد آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے جامع بات چیت اور تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایکس پر لکھا کہ چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا راجیو کمار اور الیکشن کمشنر ز گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس ساندھو کی قیادت میں وفد سری نگر پہنچا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران سیاسی پارٹیوں نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے فوری انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی سربراہی میں ایک وفد نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ ملاقات کی جس دوران فوری الیکشن کے مطالبے کو دہرایا گیا۔
ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ناصر اسلم وانی نے کہا:’ہم نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ 2018 کے بعد سے کوئی حکومت نہیں ہے اور 10 سال سے انتخابات نہیں ہوئے لہذا لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی خاطر عوامی نمائندوں کی ضرورت ناگزیر ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وفد کو غیر جانبدارانہ رویہ اپنانے پر زور دیاگیا۔ این سی کی لیفٹیننٹ گورنر سے کوئی دشمنی نہیں۔
انہوں نے کہا:”ہم محسوس کرتے ہیں کہ ان کے (ایل جی) کے فیصلے جانبدار نہیں ہونے چاہئیں۔‘
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر خورشید عالم نے پولنگ پینل کو بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کریں۔
انہوں نے کہا:’. ہم نے الیکشن کمیشن کے وفد کو بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ سیاحوں نے جموں وکشمیر کا دورہ کیا، پارلیمانی انتخابات ہوئے اور امرناتھ یاترا پرامن طریقے سے جاری ہے لہذا اب الیکشن کا انعقاد ناگزیر ہے۔
ان کے مطابق وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں وعدہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں جلدازجلد اسمبلی چناو ہونگے لہذا اس پر عملدرآمد ہونی چاہئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ایل جی انتظامیہ کام کر رہی ہیں لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر عوامی حکومت لازمی ہے۔
سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی مونگا، جو پارٹی وفد کا حصہ تھے، نے کہا کہ انہوں نے ای سی آئی کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پچھلے کئی سالوں سے انتخابات کے بغیر ہیں اب جمہوریت کو مضبوط کرنے کی خاطر الیکشن ہونے چاہئے۔
مونگا نے کہا، ” جموں وکشمیر کے لوگوں کو گزشتہ دس سالوں سے جمہوریت سے پرے رکھا گیا۔‘
بی جے پی کے لیڈروں نے بھی ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وفد کو سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر کردہ تاریخ سے پہلے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا:’ہمیں امید ہیں کہ جموں وکشمیر میں بہت جلد ایک جمہوری حکومت اپنا کام کاج سنبھالے گی اور بہت جلد الیکشن سے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کی جائے گی۔‘
دریں اثنا سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے بعد، ای سی آئی نے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ میٹنگ کی۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کا وفد نو اگست کو جموں جانے سے قبل سری نگر میں چیف سیکریٹری اور پولیس سربراہ کے علاوہ دیگر سینئر عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔