سرینگر : سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کمشنر، ڈاکٹر اویس احمد کا کہنا ہے کہ پرتاب پارک میں بلیدان ستمبھ (شہدوں کی یادگار) مکمل طور پر تیار ہے اور اسے 15 اگست کے روز عوام کے لیے کھولا جائے گا۔ ایس ایم سی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران کیا۔
ڈاکٹر اویس نے منگل کے روز بلیدان ستمبھ کا دورہ کیا اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ 15 اگست سے قبل ہی بلیدان ستمبھ مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ یوم آزادی کے روز اس کا مشاہدہ کر سکیں۔ انہوں نے لوگوں یہاں آنے کی اپیل کی تاکہ ’’جن لوگوں نے ملک، خاص طور جموں وکشمیر کے لیے قربانیاں پیش کی ہیں ان کی یاد میں تعمیر اس علامت کا مشاہدہ کرکے ان کی قربانیوں کو یاد کیا جا سکے۔‘‘
انہوں نے مزید ’’بلیدان ستمبھ لوگوں کے لیے کھلا رہے گا اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ آکر اس کو دیکھ کر شہیدوں کی قربانیوں کو محسوس کر سکیں۔‘‘ واضح رہے کہ سرینگر کے قلب میں واقع پرتاب پارک میں تعمیر کئے گئے اس بلیدان ستمبھ کا سنگ بنیاد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سال گزشتہ کے 24 جون کو رکھا تھا۔