جموں،18 اگست(یو این آئی) وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اتوار کے روز کہاکہ بی جے پی چناو کے لئے پوری طرح تیار ہے انہوں نے کہاکہ بھاجپا کا پہلے سے ہی یہ اصولی موقف رہا ہے کہ دفعہ 370کو منسوخ کرنا ہے اور پارلیمنٹ میں اکثریت ملنے کے بعد ہم نے اس آرٹیکل کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کیا ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا گیا جو خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بی جے پی نے تمام تر تیاریاں پوری کی ہیں اور اب ہر حلقے میں میٹنگیں کی جارہی ہیں۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں بھاجپا کا کیڈر کافی مضبوط ہے اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بار بی جے پی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
دفعہ 370کی منسوخی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ اس معاملے پر بی جے پی کا موقف سب کے سامنے عیاں تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم روز اول سے ہی دفعہ 370کو منسوخ کرنے کے وعدئے پر کاربند ہے اور جوں ہی ہمیں موقع ملا ہے اس قانون کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کیا گیا۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ کانگریس کو بی جے پی کا مشکور ہونا چاہئے کہ جس قانون کو کانگریس نے پاس کیا اس کو بی جے پی نے ختم کیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا کہنا تھا کہ پارلیمانی الیکشن میں جموں وکشمیر میں ریکارڈ توڑ ووٹنگ ہوئی اور اسمبلی انتخابات میں بھی لوگ گھروں سے باہر کر جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
بتادیں کہ جموں میں اتوار کے روز بھارتیہ جنتاپارٹی کے سینئر لیڈروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران اسمبلی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس اہم میٹنگ کے دوران لیڈران کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر حلقے میں جاکر لوگوں کو بی جے پی کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔