سری نگر،18 اگست(یو این آئی) آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبانے اتوار کے روز کہاکہ گزشتہ دس سالوں کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی کا سلوک روا رکھا گیا انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں کانگریس کی سرکار بنے گی کیونکہ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ سیکولر پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا نیشنل کانفرنس کے ساتھ اسمبلی الیکشن کے دوران اتحاد کرنے کے بارے میں الکا لامبانے کہاکہ اس پر گفت وشنید ہو رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہارموصوفہ نے ویری ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو گزشتہ دس سالوں کے دوران سخت مشکلا ت کا سامنا کرناپڑا تاہم اب یہ دور ختم ہونے جارہا ہے۔
الکا لامبا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں مہنگائی اور بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا اور اگر کانگریس سرکار تشکیل دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔
ان کے مطابق کانگریس نے ابھی اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا لیکن لوگوں میں جس طرح سے جوش و ولولہ پایا جارہا ہے وہ دیدنی ہے۔
مہیلا کانگریس کی صدر نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ بدلاو چاہتے ہیں اور یہ کہ کانگریس سرکار بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو انصاف فراہم کرنے اور ان کے حقوق واپس دلانے کی خاطر کانگریس کااپنے وعدے پر کاربند ہے۔
سینئر لیڈران کی کانگریس میں واپسی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں الکا لامبانے کہاکہ کانگریس کا دل بہت بڑا ہے جو پارٹی چھوڑ کر گئے تھے وہ واپس آرہے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کے ساتھ چناو کے دوران اتحاد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں مہیلا کانگریس کی صدر نے کہاکہ سال 2024کے پارلیمانی الیکشن میں کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کیا ۔ اب اسمبلی الیکشن میں بھی ایسا ہوگا اس بارے میں کانگریس لیڈر شپ ہی فیصلہ لے سکتے ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کرنے کے حوالے سے گفت وشنید ہو رہی ہے اور جوں ہی کچھ سامنے آئے گا تو اس بارے میں پریس کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔