جموں،18 اگست(یو این آئی)مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اتوار کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت تشکیل دینے میں کامیا ب ہو جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ ترقی کے خواہاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس بار تبدیلی کے حق میں ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔مرکزی وزیر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن میں جیت کی خاطر بی جے پی نے سبھی تیاریاں مکمل کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ ترقی چاہتے ہیں کیونکہ کانگریس سمیت علاقائی پارٹیوں نے گزشتہ ستر برسوں کے دوران عوام کش پالیسیوں کو رائج کیا۔
مرکزی وزیر نے کہا :’جموں وکشمیر کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور ہمیں پوری امید ہے کہ یہاں کے لوگ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔‘
انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں اور ملی ٹینسی کے واقعات میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی۔
مرکزی وزیر مملکت کے مطابق جموں وکشمیر کے لوگ اس بار چناو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔