سری نگر:ایک بڑی سیاسی پیش رفت میں کالعدم جماعت اسلامی نے جنوبی کشمیر میں اپنے کم سے کم چار سابق ممبروں کو آزاد امید واروں کے طور کھڑا کیا ہے۔
سال 1987 کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جماعت اسلامی نے الیکشن میں حصہ لیا ۔
جماعت کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ کولگام ، دیوسر ، پلوامہ اور زینہ پورہ نشستوں پرجماعت اسلامی کے چار آزاد امیدوار وں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے سابق ممبران میں سے سیار احمد ریشی نے کولگام حلقے سے پرچہ نامزدگی داخل کیا جبکہ طلعت مجید نے پلوامہ ،نذیر احمد بٹ نے دیوسر اور عمر حمید نے زینہ پورہ شوپیاں نشست پر پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید دو مراحل میں جماعت اسلامی کے آزاد ممبران کو چناوی میدان میں اتارا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے لیڈر نے کہاکہ دیگر اسمبلی نشستوں پر آزاد امیدواروں کو بھی جماعت کی جانب سے سپورٹ ملے گا ۔
واضح رہے کہ سال 2023میں طلعت مجید جماعت اسلامی کا پہلا لیڈر تھا جس نے مین اسٹریم پارٹی جوائن کی۔
سیار ریشی جماعت اسلامی کے فلاح عام ٹرسٹ کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔
دریں اثنا سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے چار آزاد امیدواروں کو میدان میں اتارنے سے اب ان نشستوں پر پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو چیلنج کا سامنا ہے۔