سری نگر:جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ ماضی میں جماعت اسلامی الیکشن کو حرام تصور کرتی تھی اب اُن کے لئے چناو حلال ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی پر عائد پابندی کو ہٹایا جائے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے پہلگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کا یہ موقف رہا ہے کہ جمہوری طریقے سے ہی سبھی مسائل حل ہونگے۔
عمر عبداللہ کے مطابق جماعت اسلامی کے لئے پہلے الیکشن حرام تھا اور اب حلال ہو گیا ہے ، گزشتہ 30برسوں کے دوران جماعت اسلامی کے سوچ میں بدلاو آیا ہے جو نیک شگون ہے۔
ان کے مطابق ہم چاہتے تھے کہ جماعت اسلامی اپنے نشان پر الیکشن لڑے تاہم دہلی سے فیصلہ نہیں آیا اب جماعت نے آزاد امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔
عمر عبداللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پیپلز کانفرنس بی جے پی کی ذیلی تنظیم ہے اور اب اگر عوامی اتحاد پارٹی کی مدد کرنے کے بارے میں کہا جارہا ہے تو ووٹرز خود بخود طے کریں کہ انہیں کس کو ووٹ دینا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلی حکومت کانگریس اور نیشنل کانفرنس بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔