جموں: جموں و کشمیر انتظامیہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کی اپ لوڈنگ کو روکنے کے لیے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) خدمات کو معطل کر دیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ راجوری کے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق “آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران حساس ڈیٹا کو اپ لوڈ کرنے اور انتخابی ڈیٹا کے لیک ہونے کو روکنے کے لیے، راجوری ضلع میں وی پی این کے استعمال کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ معطلی راجوری میں انتخابی عمل کے اختتام تک جاری رہے گی”۔ یہ معطلی بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 کے تحت کی گئی ہے۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ “حالیہ دنوں میں ضلع بھر میں وی پی این کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے سائبر خطرات کے بارے میں شکوک پیدا ہوئے”۔ وی پی این کو ڈیٹا کو انکرپٹ کرنے اور صارفین کو فائر والز سے ماسک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اس طرح انٹرنیٹ پر نگرانی کو روکنے کے علاوہ صارف کی سرگرمی کو چھپا دیا جاتا ہے۔
جموں ڈویژن کے پونچھ، راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، ریاسی اور ادھم پور کے پہاڑی اضلاع میں پچھلے دو مہینوں کے دوران سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف عسکریت پسندانہ حملے ہوئے ہیں۔ ان خبروں کے بعد کہ سخت گیر 40 سے 50 غیر ملکی عسکریت پسندوں کا ایک گروپ ان حملوں کے ذمہ دار ہیں، فوج نے ایلیٹ پیرا کمانڈوز اور پہاڑی جنگ کی تربیت حاصل کرنے والے 4000 سے زیادہ تربیت یافتہ فوجیوں کو گھنے جنگلات والے اضلاع کے علاقوں میں تعینات کیا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں تقریبا ایک دہائی بعد اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا گیا جس کے بعد سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں کا تیزی کے ساتھ آغاز ہوا ہے۔ اسمبلی انتخابات تین مرحلے میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل پورا ہوچکا ہے۔ جن میں 26 سے زائد امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا گیا ہے۔