نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں ضلعی عدلیہ کی قومی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد میں ڈاک ٹکٹ اور سکہ جاری کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور وزیر قانون ارجن رام میگھوال موجود تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ضلعی عدلیہ کی قومی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس دوران پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستانی عوام نے سپریم کورٹ یا عدلیہ پر کبھی عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا۔
وزیراعظم نے کہا ‘خواتین کے خلاف مظالم تشویشناک ہیں۔ خواتین پر مظالم کے خلاف فوری فیصلے کئے جائیں۔ سپریم کورٹ کے 75 سال یہ صرف ایک ادارے کا سفر نہیں ہے۔ یہ ہندوستان کے آئین اور اس کی آئینی اقدار کا سفر ہے۔ یہ ہندوستان کی جمہوریت مزید پختہ ہونے کا سفر ہے۔ میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ سپریم کورٹ نے ہمارے ادارے پر ہمارے اعتماد کو برقرار رکھا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا ‘آزادی کے سنہری دور میں، 140 کروڑ ہم وطنوں کا ایک ہی خواب ہے – ترقی یافتہ ہندوستان نیا ہندوستان نیو انڈیا کا مطلب سوچ اور عزم کے ساتھ جدید ہندوستان ہے۔ ہماری عدلیہ اس وژن کا ایک مضبوط ستون ہے۔ خاص طور پر ہماری ضلعی عدلیہ، یہ ہندوستانی عدلیہ کی بنیاد ہے۔
ملک کا عام شہری سب سے پہلے انصاف کے لیے ضلعی عدالت میں جاتا ہے۔ اس لیے یہ انصاف کا پہلا مرکز ہے۔ یہ پہلا قدم ہے اس لیے یہ ملک کی ترجیح ہے کہ اسے ہر لحاظ سے موثر اور جدید بنایا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ قومی کانفرنس اور اس میں ہونے والی بات چیت سے ملک کی توقعات پر پورا اترنے میں مدد ملے گی۔
کسی بھی ملک میں ترقی کا اگر کوئی سب سے زیادہ معنی خیز پیمانہ ہے تو وہ عام آدمی کا معیار زندگی ہے جو اس کے طرز زندگی سے طے ہوتا ہے۔ اور سادہ اور آسان انصاف اس کی پہلی شرط ہے۔