جموں:مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کر دیا ہے اور اب اس ملک کو دہشت گردی کو سپانسر کرنے پر بین الاقوامی برادری کا سپورٹ حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مرکزی حکومت نے یہاں پر بہت اچھے کام کئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کی سربراہی میں جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ یہاں پر اب ملی ٹینسی کے گنے چنے دن باقی رہ گئے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی بدولت جموں وکشمیر میں امن ، خوشحالی اور ترقی کا دور چل رہا ہے۔پاکستان کو ناکام ریاست قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہاکہ مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کو عوام کے لئے ایک تحریک قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر کے مستقبل کونئے سرے سے متعین کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئی ہیں۔جی کشن ریڈی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں تاکہ جموں وکشمیر کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا مقصد پاکستان اور اس کے پراکسیوں کو اسمبلی انتخابات میں جیت سے روکنا ہے۔
مرکزی وزیر کے مطابق نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد جموں وکشمیر کے لئے خطرناک ہے کیونکہ دونوں پارٹیاں علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے تئیں نرم گوشہ رکھتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کو برباد ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں یا پھر ترقی یافتہ۔