نیوز ڈیسک
سری نگر:بی جے پی کی سینئر لیڈر اور وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعرات کے روز کہاکہ خوشحال جموں وکشمیر کے لئے بی جے پی کی مضبوطی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو جو کچھ دیا آج تک وہ کسی پارٹی نہیں دیا ہے ۔ان باتوں کا اظہار موصوفہ نے سری نگر میں چناوی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ آج جموں وکشمیر میں جمہوریت کا جشن منایا جارہا ہے ، لوگ آزاد فضاوں میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔درخشاں اندرابی نے کہا :’بھارتیہ جنتاپارٹی نے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا۔
‘ان کے مطابق موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر کے لئے جو کچھ کیا وہ آج تک کسی نے بھی نہیں کیا ہے۔وقف چیئرپرسن نے کہا :’جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی اور امن وامان قائم کرنے کا سہرا بی جے پی کو جاتا ہے کیونکہ نریندر مودی کی سربراہی میں موجودہ مرکزی حکومت نے نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔‘انہوں نے لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ خوشحا ل جموں وکشمیر کے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں بھاجپا کے امیدواروں کے حق میں لوگ اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں خوشحالی اور امن کی ضمانت صرف اور صرف مودی ہی دے سکتے ہیں کیونکہ مودی جی جو کہتے ہیں وہ کرتے بھی ہیں۔درخشاں اندرابی نے کہا کہ بھاجپا کا وعدہ ہے کہ نئے کشمیر میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا۔
