نیوزڈیسک
جموں:مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کو علی محمد جناح کے آئین کے تحت نہیں بلکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے آئین کے تحت چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اور این سی ، کانگریس اور پی ڈی پی کے درمیان گڑھ جوڑھ ہے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی پاکستان کی ہدایت پر دفعہ 370کو بحال کرنے وعدہ کرکے جموں وکشمیر کو پھر سے دہشت گردی، ہڑتالوں اور بد امنی کے دور میں واپس دھکیلنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کا واحد مقصد کسی طرح سے جموں وکشمیر میں حکومت تشکیل دینا ہے اور اس کے لئے یہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔
ان کے مطابق نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس اقتدار کی خاطر پاکستان کی بھی مدد لینے سے گریز نہیں کرتے ۔جی کشن ریڈی نے کہا:’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پانچ اگست 2019میں دفعہ 370کی منسوخی سے یہاں پر امن و امان واپس لوٹ آیا ہے۔ ‘
انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر میں ہڑتال ، پتھراو اور دہشت گردی کا صفایا ہو چکا ہے ۔مرکزی وزیر کے مطابق نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو پھر سے فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے تاہم بھاجپا اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہا :’جموں وکشمیر کے دونوں خطوں میں بی جے پی کو عوامی حمایت حاصل ہے اور اسمبلی انتخابات میں اس بار بی جے پی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔‘
