پہلے حد بندی، پھر اسمبلی انتخابات اور مناسب وقت پر ریاستی درجہ کا واعدہ پورا ہوگا
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے اور ہر ایک کو اس حقیقت کو قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا،’’جب جموں و کشمیر دوبارہ ریاست بنے گا، ہم اس دن کو بھی منائیں گے۔‘‘ ایس کے آئی سی سی میں یو ٹی کے یوم تاسیس کی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایل جی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے وعدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’ پہلے حد بندی، پھر اسمبلی انتخابات اور مناسب وقت پر ریاست کا درجہ دینے کے وعدے کے مطابق معاملات شکل اختیار کر رہے ہیں۔‘‘نیشنل کانفرنس کے یوٹی یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے، سنہا نے کہا،’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آئین ہند کے تحت حلف اٹھانے والے لوگ جموں و کشمیر کی یوٹی حیثیت کی مخالفت کر رہے ہیں۔ یہ ان کے دوہرے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ طبقات کے ریزرویشن میں تاخیر کی وجہ سے پنچایتی انتخابات نہیں ہو سکے، لیکن’’جموں و کشمیر انتظامیہ جلد از جلد پنچایتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
سنہا نے جموں و کشمیر کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ’’ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں، جموں و کشمیر نے ترقی اور امن کی نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔‘‘ انہوں نے سڑکوں،ریلوں، ہسپتالوں اور میڈیکل کالجوں میں ترقی کا ذکر کیا اور کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری جلد ہی 20,000 کروڑ روپے سے ایک لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا ’’جموں و کشمیر بینک کو قرض سے نکالا گیا ہے اور آج یہ بینک منافع کمانے والا ادارہ ہے جو ہر ضرورت مند کو قرض دیتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’پچھلے پانچ سالوں میں، جموں و کشمیر امن اور خوشحالی کے ساتھ آگے بڑھ گیا ہے۔‘‘سنہا نے مزید کہا ’’پلوامہ چوک ملٹنسی مخالف مظاہروں اور کینڈل لائٹ مارچ کا مشاہدہ کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے 2019 کے بعد کی بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ملی ٹنسی کے واقعات کے باوجود’’مجھے یقین ہے کہ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر فورسز مجرموں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔‘‘انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے امن ضروری ہے‘‘ اور بعض لوگوں کو تنبیہ کی کہ’’اشتعال انگیز بیانات سے گریز کریں، کیونکہ یہ بہت کوششوں کے بعد ممکن ہوسکاکہ جموں و کشمیر آج ایک پرامن جگہ ہے۔‘‘
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں’’قومی یوم اتحاد‘‘کے موقع پر افسران کو قسم دی، جو کہ بھارت کے مرد آہن، سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کی یاد میں منایا گیا۔سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی جنم جینتی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، ایل جی سنہا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سردار پٹیل کے نظریات کے ساتھ اپنے آپ کو وابستہ کریں اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی سمت میں کام کریں۔ایل جی نے اپنے ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر لکھا’’بھارت کے مردن آہن، سردار ولبھ بھائی پٹیل جی، کے یوم پیدائش پر عاجزانہ خراج عقیدت۔ انہوں نے بھارت کی آزادی اور متحدہ بھارت کے قیام کے لیے اپنی زندگی وقف کی۔ ان کی جنم جینتی کے موقع پر، آئیے ہم ان کے نظریات کے لیے خود کو وقف کریں اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی سمت میں کام کریں۔‘‘