سری نگر،17 نومبر (یو این آئی) ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے تمام اسکولوں کے حکام، پرائیویٹ کوچنگ سینٹروں اور والدین کے نام ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ طلباء اور نابالغ بچوں کو دو پہیوں اور چار پہیوں والی گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں۔
ایس ایس پی ٹریک رورل کشمیر کی طرف سے جاری ایک ٹریفک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس عمل کے نتیجے میں متعدد المناک ہلاکتیں ہوئیں اور مزید جانی نقصان کو روکنے کے لیے اس پر توجہ دی جانی چاہیے۔انہوں نے ایڈوائزری میں کہا: ‘نابالغ بچوں اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اس رویے کو تمام دستیاب ذرائع سے ختم کیا جانا چاہیے’۔
ایڈوائزری میں کہا گیا: ‘ نابالغ کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا ایک سنگین جرم ہے اور ایم وی کی دفعہ 199اے ایکٹ، 1988 کے تحت ابالغ کے سرپرست یا گاڑی کے مالک کے خلاف تعزیری اقدامات کا باعث بن سکتا ہے’۔
ایس ایس پی ٹریفک نے نوٹ کیا کہ ان ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے سرپرستوں اور گاڑیوں کے مالکان کو تین سال تک قید اور پچیس ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرم میں ملوث موٹر گاڑی کی رجسٹریشن بارہ ماہ کے لیے معطل کی جائے گی۔
ایڈوائزری میں مزید میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی نابالغ مذکورہ ایکٹ کے تحت کوئی جرم کرتا ہے تو وہ سیکشن 9 کے تحت ڈرائیونگ لائسنس یا سیکشن 8 کے تحت لرنر لائسنس کے اس وقت تک اہل نہیں ہوں گے جب تک کہ وہ پچیس سال کی عمر کو نہ پہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کو ایکٹ کے مطابق جرمانہ ادا کرنا پڑے گا جبکہ کسی بھی حراستی سزا کو جووینائل جسٹس ایکٹ، 2000 کی دفعات کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
