سری نگر،17 نومبر (یو این آئی) کشمیر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر واحد قریشی یہاں ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ذرائع نے بتایا کہ پروفسیر واحد قریشی نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب قریب تین بجے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں سینے میں درد محسوس ہونے کے بعد مذکورہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پروفسیر واحد قریشی ایک ممتاز ماہر تعلیم اور کشمیر یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر تھے۔ انہوں نے کشمیر یونیورسٹی میں مختلف عہدوں پر کام کیا اور سال 2004 سے 2008 تک کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے فرائض انجام دئے۔
نوکری سے سبکدوش ہونے کے بعد انہیں سال 2009 میں سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے پانچ برسوں تک اپنے فرائض انجام دئے۔پروفیسر قریشی کا تعلق شمالی ضلع کپوارہ کے کرناہ علاقے سے ہے تاہم وہ سری نگر میں رہائش پذیر تھے۔ان کے انتقال پر مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پروفیسر واحد قریشی کی رحلت سے شعبہ تعلیم میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا بہت مشکل ہے۔
