سری نگر، 21مارچ:
وادی کشمیر میں خشک و خوشگوار موسم کے بیچ جہاں ایک طرف شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے وہیں دوسری طرف پیڑ پودوں پر پھوٹ رہے شگوفے آمد بہار کی نوید سنا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں رواں ہفتے موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 23 سے 24 مارچ کو موسم میں تبدیلی واقع ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں ہلکی اور درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا وادی میں پیر کو صبح سے ہی موسم خشک و خوشگوار رہا جس سے لوگوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں موسم میں بہتری کے ساتھ ہی پیڑ پودوں پر شگوفے کھل گئے ہیں جو ایک طرف آمد بہار کی نوید سنا رہے ہیں تو دوسری طرف اس جنت بے نظیر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا رہے ہیں۔(یو این آئی)