سرینگر،22مارچ:
صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے آج لوک سبھا میں بجٹ اجلاس کے دوران روڑ، ٹرانسپورٹ اور قومی شاہرائوں کے گرانٹس پر بحث کے دوران متعلقہ وزیر شری نتن گڈکری کی توجہ زوجیلا ٹنل کی تعمیر کی طرف مرکوز کرائی۔
انہوں نے کہا کہ زوجیلا ٹنل کی تعمیر ایک خوش آئندہ اقدام لیکن ٹنل میں ایک ٹیوب کے بجائے دو ٹیوب بنائے جانے چاہئیں کیونکہ ایک ٹیوپ سے ہمیشہ حادثات کا احتمال رہتا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ اس پروجیکٹ پر نظر ثانی کی جائے گی اور دو ٹیوب بنائے جائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ دو ٹیوب بنانے سے مسافروں کو بھی آسانی ہوگی۔
اس کے علاوہ انہوں نے زوجیلا اور دیگر سڑک پروجیکٹوں میں مقامی لوگوںکو روزگار نہ دیئے جانے کا معاملہ بھی اُجاگر کیا اور کہا کہ ٹنلوں اور دیگر پروجیکٹوں کی تعمیر کے وقت ہم سے وعدہ کیا تھا کہ اس میں مقامی لوگوںکو روزگار فراہم کیا جائے گا لیکن اس کے برعکس آج ان پروجیکٹوں میں باہری لوگوں کو زیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف بے روزگاری بڑھتی ہے بلکہ لوگوں میں بداعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ وہ مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار دینے کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔