شاہین امین
بڈگام،23مارچ :چرار شریف میں چوتھے روز بھی میٹر نصب کرنے کے خلاف مرد و زن نے سری نگر چرار شریف شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت کافی دیر تک معطل ہوکر رہ گئی۔اطلاعات کے مطابق چرار شریف قصبے میں بجلی میٹر نصب کرنے کے خلاف لوگ پچھلے چار روز سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔
نمائندے نے بتایا کہ منگل کے روز مرد و زن نے سری نگر شریف شاہراہ پر دھرنا دیا جس کے نتیجے میں اس شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل معطل ہوکر رہ گئی۔احتجاج کرنے والوں نے بتایا کہ علاقہ کے اکثر لوگ چونکہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کر رہے ہیں لہذا بجلی میٹر نصب کرنے کی وہ ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جب تک نہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے میٹروں کو نصب کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا تب تک ہم پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔