سری نگر،24 مارچ :
جموں وکشمیر ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفئر ملازموں نے جمعرات کو یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر تنخواہوں کی واگذاری کے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجی ملازمین جنہوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے، جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر ایک احتجاجی ملازمہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا کہ ہم گذشتہ چار مہینوں نے تنخواہوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سے پہلے بھی یہاں احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوگئے تھے اور آج ایک بار پھرسڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں۔
موصوفہ نے کہا کہ ہمارے گھروں میں مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض ہیں، جن کی ہم دیکھ بال کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ مسئلہ ایک ہی بار حل کیا جانا چاہئے تاکہ ہمیں سڑکوں پر بار بار نہ نکلنا پڑے۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہمارے بچوں کو اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے اور ہم اپنے عیال کو بھی اچھی طرح پال نہیں سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر کوئی کام کرتے ہیں لیکن تنخواہوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
احتجاجیوں نے ماہ رمضان سے قبل تنخواہوں کی واگذاری کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری تنخواہیں واگذار نہیں کی گئیں تو ہم پانچ اپریل کو پھر سڑکوں پر آئیں گے۔یو این آئی