سری نگر،30 مارچ :
شمالی قصبہ ہندوارہ کے شرہامہ علاقے میں منگل کی شام کوئی جنگلی سبزی کھانے سے ایک ہی کے گھر آٹھ افراد بے ہوش ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ کے شرہامہ علاقے میں گذشتہ شام کوئی جنگلی سبزی کھانے سے ایک ہی گھر کے آٹھ افراد بے ہوش ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہمسایوں نے ان افراد کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ان کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) سری نگر ریفر کیا گیا جہاں وہ ہنوز زیرعلاج ہیں۔
مذکورہ افراد کے ایک رشتہ دار نے میڈیا کو بتایا کہ شام کے وقت میں نے آواز سنی تو میں اس گھر کی طرف دوڑا تو وہاں دیکھا کہ اس گھر کے آٹھ افراد بے ہوش پڑے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گاڑی کا انتظام کرکے انہیں پہلے ضلع ہسپتال پہنچایا جہاں سے ان کو ایس ایم ایچ ایس سری نگر ریفر کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں اور ابھی بھی بے ہوش ہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بے ہوش افراد میں تین مرد، دو بچے اور تین خواتین شامل ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس گھر کی ایک بچے نے کھانا نہیں کھایا ہے جو بالکل ٹھیک ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔