سری نگر،09 اپریل:
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں مختلف مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوئی اور مطلع ابر آلود رہا جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت نصیب ہوئی۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 20 اپریل تک اگرچہ بھاری بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم 12 سے 14 اپریل تک کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ (یو این آئی)