سری نگر،09 اپریل:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گذشتہ شام یہاں بادامی باغ فوجی چھاؤنی میں فوج کی پندرہویں کور کی طرف سے دوبارہ بحال کی جانی والی آٹھویں صدی کی میراثی جگہ ’چنار دھروہار‘ کا دورہ کیا۔
ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے چنار کور کی طرف سے دھرو ہار میں پاندریٹھن کی چھٹی صدی کے ایک چٹان کے مجسموں کی تحقیق، بحالی اور تجدید کرکے ان کو محفوظ کرنے کے مثالی کام کی سراہنا کی۔
بیان میں کہا گیا: ’لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ انہیں خوشی ہوئی کہ قومی مونومنٹس اتھارٹی نے چنار کور کی اس کوشش کو تسلیم کرتے ہوئے ملک بھر میں ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی کسی ایجنسی کو پہلی بار تعریفی ایوارڈ سے نوازا ہے‘۔
موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا: ’شری منوج سنہا نے مزید کہا کہ اس قسم کی انمول میراث ہمارے تہذیبی ورثے،کلچر اور تاریخی روایات کا اہم حصہ ہے اور چنار کور اس قسم کا پہلا اقدام کرنے کے لئے تعریفوں کی مستحق ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کے اس تحفظ کے پروجیکٹ میں دو بڑے یک سنگی شیو لنگس، گاندھرا طرز کے سات مجسمے اور تراش شدہ ایک بڑی چٹان شامل ہے۔
ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ چنار کور نے سال2021 کے ماہ اپریل سے جولائی تک کئی مجسموں کو بحال کیا اور ان کی نمائش کے لئے ایک ہریٹیج پارک بنائی اور اس کے علاوہ ایس پی ایس میوزیم سری نگر کی تکنیکی مدد سے سال1926 میں کھدائی کئے گئے سات مجسموں کی تراشیدہ نقلیں دوبارہ تیار کیں۔ (یو این آئی)