سری نگر،09 اپریل :
پولیس نے تاریخی جامع مسجد سری نگر میں گذشتہ روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد نعرہ بازی کرنے کے سلسلے میں 13 نوجوانوں کو غداری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزموں کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کرنے کے لئے ڈوزیرز تیار کئے جا رہے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز جامع مسجد سری نگر میں لوگوں کی بھاری تعداد نے نماز جمعہ ادا کی اور نماز کی ادائیگی کے بعد قریب از ایک درجن لوگوں نے ملک دشمن اور اشتعال انگیز نعرہ بازی شروع کی اور اس نعرہ بازی میں مزید کچھ لوگ شامل ہوگئے جبکہ باقی لوگ دور ہی رہے۔انہوں نے کہا: ’اس دوران نعرہ بازی کرنے والے افراد اور جامع مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے رضاکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس سے مسجد میں ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوئی اور طرفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں‘۔ان کا بیان میں کہنا تھا: ’بعد میں ان نعرہ بازوں کو مسجد سے باہر نکالا گیا لیکن ایک گیٹ سے باہر آنے کے باوجود ان میں سے ایک درجن لوگوں نے دوسرے لوگوں کو بھی نعرہ بازی کرنے کے لئے بھڑکانے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام ہوگئے‘۔
بیان کے مطابق پولیس کو دیکھتے ہی یہ لوگ جائے موقع سے بھاگ گئے۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔(یو این آئی)