سری نگر،11 اپریل:
وادی کشمیر میں بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے باغ مالکان سے 12 سے تک14 اپریل باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی صلاح دی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر اور متصل علاقے 12 اپریل کی دوپہر سے 14 اپریل کی دوپہر تک مغربی ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کشمیر کے بیشتر علاقوں میں 12 اپریل کی شب سے 13 اپریل کی دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں ہونے کا امکان ہے اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔حکام نے باغ مالکان کو اس وقت کے دوران اپنے باغوں کی دوا پاشی اور ا?ب پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی صلاح دی ہے۔دریں اثنا وادی میں دن اور رات کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے شہرہ ا?فاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے مطابق تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی میں جاری خشک سالی اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونا کسان طبقے سے وابستہ لوگوں کے لئے باعث پریشانی بن گیا ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال آنے والے مہینوں میں پانی کی قلت کا موجب بن سکتی ہے۔یو این آئی