سری نگر،12اپریل :
پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں ایک ناکے کے دوران ایک کار، جس کا ڈرائیور پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگیا، سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ پولیس نے گذشتہ شام محمود آباد ڈورو علاقے میں ناکہ لگا دیا تھا اور اس دوران مخالف سمت سے آرہی ایک گاڑی پولیس کو دیکھتے ہی رک گئی۔انہوں نے کہا کہ اس مشکوک نقل و حمل کو دیکھ کر پولیس نے ہوا میں گولیوں کے کچھ راؤنڈ چلائے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے موقع سے فرار ہوگیا۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ نامعلوم شخص کی طرف سے چھوڑی گئی اس گاڑی کی تلاشی کے دوران سرخ رنگ کا ایک بیگ پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس بیگ سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا۔
بر آمد شدہ اسلحہ میں ایک اے کے 56 شارٹ بیرل، دو اے کے میگزین، دو پستول، تین پستول میگزین، چھ ہینڈ گرینیڈ، اے کے47 رائفل کی 44 گولیاں، نو ایم ایم بارود کے58 راؤنڈ شامل ہیں۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈورو اننت ناگ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مفرور شخص کو پکڑنے کے لئے مزید ناکے لگا دئے گئے ہیں۔(یو این آئی)